“ماں اٹھو، ماں جلدی اٹھو تمہیں کچھ نہیں ہو گا”

کراچی – کراچی دھماکے کے بعد جاں بحق ہونے والی خاتون کو بیٹا مسلسل پکارتا رہا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بولٹن مارکیٹ کاغذی بازار کے قریب پیر کی رات کو ہونے والے دھماکے کے بعد انتہائی دلخراش مناظر دیکھنے میں آیا۔ دھماکے کی وجہ سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی اور اس وقت دلخراش مناظر دیکھنے میں آئے جب جاں بحق خاتون کو کم عمر بیٹا ماں کو تلاش کرتے ہوئے دھماکے کی جگہ پر پہنچ گیا۔
کم عمر بچے نے ماں کو زمین پر پڑا دیکھا تو مسلسل پکارتا رہا “ماں اٹھو، ماں جلدی اٹھو تمہیں کچھ نہیں ہو گا”۔ دوسری جانب وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کراچی بولٹن مارکیٹ کاغذی بازار کے قریب دھماکے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا کہ کچھ دنوں میں دوسرا دھماکہ ہواہے، لگتا یہ ہی ہے دھماکہ پہلے سے پلانٹڈ تھا، بظاہرلگتا ہے پولیس موبائل کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، ملک دشمن قوتیں پاکستان میں صورت حال کو خراب کرنا چاہتی ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ جامعہ کراچی اور صدر دھماکے کی تحقیقات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے، ان دونوں کیسز میں پولیس مجرموں تک پہنچ جائے گی، دہشتگردی کا چیلنج کسی ایک صوبے کو درپیش نہیں، اتنے بڑے شہر میں ہر شخص پر نظر رکھنا ناممکن ہوتا ہے۔ ہمیں فوج، پولیس اور رینجرز کو اعتماد دینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ کراچی بولٹن مارکیٹ کاغذی بازار کے قریب دھماکے میں خاتون جاں بحق،11افراد زخمی ہوئے ہیں۔
تین افراد کو کچھ زیادہ زخم آئے ہیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ آج بھی گنجان علاقے میں پولیس موبائل پیٹرولنگ پر تھی، صورت حال چیلنجنگ ہے، ابھی تک بی ڈی ایس نے دھماکے کے حوالے سے کچھ بھی نہیں بتایا۔ مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف نے کراچی بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں جاں بحق خاتون کے اہل خانہ اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے دھماکے میں ملوث عناصر کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

تبصرے بند ہیں.