مالی میں فوج کے اقتدار پر قبضے کی بین الاقوامی برادری کی طرف سے مذمت

بماکو(مانیٹر نگ ڈیسک)افریقی ملک مالی میں فوج کی طرف سے ریاستی قیادت کے خلاف بغاوت اور اقتدار پر قبضے کی بین الاقوامی سطح پر شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ اس مغربی افریقی ملک کو پہلے ہی بحرانی حالات کاسامنا تھا، جہاں اسی ہفتے فوج کے ایک حصے نے بغاوت کر کے اقتدار پر قبضہ کر لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے ایک ہنگامی سربراہی اجلاس میں اس پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مالی میں فوج کے اقتدار پر قبضے نے پورے مغربی افریقہ کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ یورپی یونین کی طرح امریکا نے بھی اس بغاوت کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بماکو میں باغی فوجیوں کی قیادت تمام زیر حراست سیاست دانوں اور حکومتی عہدیداروں کو رہا کرے۔ اس بغاوت کے بعد افریقی یونین نے عبوری طور پر مالی کی اس بلاک کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

تبصرے بند ہیں.