وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق دور میں پاکستان کو بے رحمی سے لوٹا گیا، ماضی میں ہونے والی لوٹ مار کی وجہ سے خزانہ خالی ہے۔اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سوسائٹی کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سوا کروڑ گھروں کی کمی ہے، ہم ان لوگوں کو گھر لینے کا موقع دیں گے جن کے پاس گھر بنانے کیلئے وسائل نہیں ہیں۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکم کے تحت تنخواہ دار طبقے کیلئے خاص طور پر گھر بنانا آسان ہوگا۔وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ پچاس لاکھ گھروں کا منصوبہ گوادر کے مچھروں سے شروع کریں گے، اس سکیم کی تعمیر میں اکستانی مزدور کام کریں گے جبکہ ہاؤسنگ میٹریل بھی ملک کا ہی استعمال ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گھروں کے لیے 0.2 فیصد قرضے دیے جاتے ہیں۔ ہمارے پاس پیسے کی کمی ہے اس کی وجہ گزشتہ حکومتوں کی لوٹ مار ہے۔ سابق دور میں پاکستان کو بے رحمی سے لوٹا گیا۔ ماضی کی لوٹ مار کے باعث خزانہ خالی ہے۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ چودھری طارق بشیر چیمہ، وزیر اقتصادی امور حماد اظہر، اٹارنی جنرل انور منصور خان، گورنر سٹیٹ بنک باقر رضا، چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ پر اب تک ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ موجودہ حکومت کا اہم ترین منصوبہ ہے، منصوبے سے ملک میں بے گھر افراد کو ذاتی چھت میسر آئے گی، مکانوں کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، اس منصوبے سے تعمیرات سے وابستہ صنعتوں کو فروغ ملے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں اور ہنر مند کو نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے، منصوبے سے معیشت کا پہیہ چلے گا، حکومت کم آمدنی والے اور تنخواہ دار طبقے کو آسان شرائط پر گھر دینا چاہتی ہے۔
تبصرے بند ہیں.