لوڈشیڈنگ ختم نہیں کرسکتےالبتہ قابل برداشت حد تک کم کردیں گے،خواجہ آصف
اسلام آباد: وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں دن یا ہفتے نہیں کئی سال لگیں گے تاہم اس عذاب کو اتنا کم کریں گے کہ برداشت ہوسکے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ نو منتخب حکومت کو 13 ،14 سال کا ملبہ صاف کرنا ہےجو فوری طور پر نہیں ہوسکتا۔ لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کےلئے پالیسیاں بنارہے ہیں، اس سلسلے میں طویل اور قلیل مدتی لائحہ عمل بنائے ہیں جس پرغور کیا جارہا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ہر اچھی بری خبر سے عوام کو ضرور آگاہ کریں ، ایسا نہ ہو کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہوتی رہے اور ہم اس کی کوئی وجہ نہ بتائیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ رمضان المبارک کے دوران لوڈشیڈنگ میں اتنی کمی واقع ہو کہ لوگ آرام اور سہولت کے ساتھ عبادات اور اپنے دیگر سرگرمیاں انجام دے سکیں۔ وزیر اعظم بھی اسمبلی میں اپنی تقریر میں واضح کرچکے ہیں کہ ہم لوگوں کو سبز باغ نہیں دکھانا چاہتے اور نہ ہی وہ دلکش وعدے کرنا چاہتے ہیں جو ہم پورے نہ کرسکیں، ہم ان حالات کو بدلنے کے لئے نیک نیتی سے کوشش کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.