لاہور میں مبینہ طور پر نشے میں دھت پولیس اہلکار اور ساتھیوں کی فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہو گئے، ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کی جانب سے ابھی تک مقدمہ کا اندارج نہیں کیا گیا ہے۔لاہور کے علاقے مغل پورہ پولیس اہلکار عرفان عرف عفی نے اپنے پڑوسی اسلم کے خوشیوں بھرے آنگن کو ویران کر دیا۔ ذرائع کے مطابق اسلم اور عزیز و اقارب اس کے بیٹے کی مہندی کی تقریب کر رہے تھے۔خوشی کا یہ موقع اس کے پڑوسی پولیس اہلکار عرفان عرف عفی سے دیکھا نہ گیا، پولیس اہلکار اپنے ساتھیوں سمیت اسلم کے گھر کے سامنے آیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زدمیں آکر مہندی کی تقریب میں شریک 6 افراد زخمی ہو گئے۔واقعے کے بعد ملزم اپنے ساتھیوں سمیت فرار ہو گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طور سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ متاثرہ خاندان اور لواحقین نے واقعے کیخلاف جیل روڈ پر احتجاج کر کے ٹریفک بلاک کر دی۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ نشے میں دھت پولیس اہلکار نے عداوت میں ان کی خوشیوں کو غم میں بدلا، ڈی ایس پی انارکلی ظفر عباس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، متاثرہ خاندان کی بھرپور داد رسی کی جائیگی۔ پولیس کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔
تبصرے بند ہیں.