لاہور:
شہر میں گزشتہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی بارش نے تباہی مچادی ہے جب کہ مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں اب تک 170 سے 177 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، شہر میں جاری شدید بارشوں کے باعث سڑکیں اور انڈر پاس تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہربنس پورہ، باغبان پورہ، گڑھی شاہو اور مغل پورہ سے ملحقہ علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ہے۔ ایم ڈی واسا زاہد عزیز کے مطابق واسا کا عملہ رات سے نکاسی آب میں مصروف ہے، بارش رکنے کے بعد دو سے تین گھنٹے شہر سے پانی نکالنے میں لگ سکتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.