لاہور میں خسرے کی وبا سے مزید 2 بچے جاں بحق، پنجاب میں تعداد141 ہو گئی
لاہور: شہرمیں خسرہ کی وبا نے مزید 2 بچوں کی زندگیوں کا چراغ گل کردیا جب کہ حکومت نے 12 حساس اضلاع میں انسداد خسرہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہورسمیت پنجاب بھرمیں خسرے کی تباہ کاریاں جاری ہیں، چلڈرن اور گنگا رام اسپتال میں خسرے کے مرض میں مبتلا دو بچے ارمان اور مومنہ دم توڑ گئے جس کے بعد صوبائی دارالحکومت میں خسرے سے ہلاکتوں کی تعداد 81 اور پنجاب بھر میں 141 ہو گئی جب کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 بچے خسرے کی وبا سے جان کی بازی ہارگئے ۔ محکمہ صحت کےاعدادوشمار کے مطابق صوبے بھر کے اسپتالوں میں 246 نئے مریض لائے گئے ہیں، جب کہ لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں خسرے کے نئے مریضوں کی تعداد 53 ہو گئی ہے۔ جنوری سے اب تک پنجاب میں خسرے کے شکار مریضوں کی تعداد 15 ہزار 762 ہے جن میں سے 4 ہزار845 کا تعلق لاہور سے ہے۔ محکمہ صحت کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ خسرے کی وبا میں کمی ہونا شروع ہو گئی ہے،حکومت پنجاب نے خسرے سے متاثرہ 12 حساس اضلاع میں 24 جون سے 5 جولائی تک انسداد خسرہ مہم چلانے کا اعلان کیا ہے، جس کے دوران 6 ماہ سے 10 سال تک کی عمر کے ایک کروڑ 20 لاکھ بچوں کو خسرے کی ویکسین لگائی جائے گی، یونیسیف کے ذریعے خسرے کی ویکسین منگوانے کےلئے 45 کروڑ83 لاکھ روپے کے فنڈز بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.