لانگ مارچ : کنٹینر کے نیچے آکر خاتون صحافی جاں بحق، وزیراعظم کا اظہار افسوس

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں شامل خاتون صحافی عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئی جس پر وزیراعظم سمیت دیگر نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ میں شامل کنٹینر کے نیچے آکر خاتون جان کی بازی ہار گئی، خاتون کے بارے میں بتایا جارہا ہے وہ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹر ہے۔عمران خان نے حادثے کے بعد کنٹینر رکوا دیا اور وہ کنٹینر سے نیچے اتر کر جائے حادثہ پر پہنچے، صدف نعیم نجی ٹی وی چینل کی رپورٹر تھیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ آج اپنے مارچ کے دوران پیش آنے والے اندوہناک حادثے جسکے نتیجے میں رپورٹر صدف نعیم ہم سےجدا ہوگئیں پر نہایت رنج و الم کا شکار ہوں۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ اپنا غم بیان کرسکوں، ان المناک گھڑیوں میں میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہلخانہ کیساتھ ہیں، ہم نے اپنا مارچ آج کیلئے منسوخ کردیا ہے۔اس حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ خاتون رپورٹر کے جاں بحق ہونے کے بعد آج کا لانگ مارچ یہیں ختم کرتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ خاتون کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے صحافی کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے، اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے، اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں، مرحومہ کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ڈیوٹی کے دوران ایک ٹی وی رپورٹر صدف کی قیمتی جان کے ضیاع کا سن کر مجھے بہت دکھ ہوا، میری دعائیں مرحومہ کے خاندان کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا کرے۔ آمین!وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا حادثے پر کہنا تھا کہ صحافی کی زندگی پر کوئی سیاست نہیں کرنی چاہیے، یہ بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے، افسوسناک حادثے کے ذمہ دار عمران خان ہیں، خاتون صحافیوں کے لئے خصوصی انتظامات کرنے چاہیئں تھے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ صدف سے زیادہ جرات مند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے، ایک جی دار لڑکی، کل ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا لاہور کی سب سے جی دار اور محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں، کیا معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہو گی، خدا غریق رحمت کرے۔ چودھری پرویزالٰہی نے صحافی مرحومہ صدف کی فیملی کے لئے 25 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مرحومہ صدف کی فیملی کی مکمل دیکھ بھال کرے گی، حادثے میں صدف کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے، المناک واقعہ پر ہر دل دکھی ہے۔وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے رپورٹر صدف کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدف کی موت پر دلی صدمہ ہوا ہے، صدف پروفیشنل، محنتی اور قابل صحافی تھیں۔چودھری پرویزالٰہی نے مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے، دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی ہے۔

تبصرے بند ہیں.