قوم کے بہادر سپوت سپاہی مقبول حسین کی نمازِ جنازہ ادا

راولپنڈی:

سپاہی مقبول حسین کی نمازِ جنازہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

1965ء کی جنگ کے ہیرو سپاہی مقبول کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی ہے۔ ان کی نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ، فوجی افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کو آزاد کشمیر کے علاقے تراڑ کھل کے گاؤں نیریاں میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

اس سے قبل سپاہی مقبول حسین کی نمازِ جنازہ آزاد کشمیر رجمنٹل سنٹر مانسر کیمپ اٹک میں بھی ادا کی گئی۔ سپاہی مقبول حسین کی نمازِ جنازہ میں اعلیٰ فوج وسول حکام نے شرکت کی۔ ان کی نمازِ جنازہ خطیب جامع مسجد آزاد کشمیر سنٹر سید عابد شاہ مشہدی نے پڑھائی۔

1965ء کی جنگ کے غازی اور کئی سالوں تک بھارتی قید میں صعوبتیں برداشت کرنے والے پاک فوج کے سپاہی مقبول حسین گزشہ روز اس دارِ فانی سے رخصت فرما کر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سپاہی مقبول حسین کی رحلت پر ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ سپاہی مقبول حسین نے 1965ء کی جنگ میں حصہ لیا، انھیں اسی سال بھارت نے جنگی قیدی بنا کر گرفتار کر لیا تھا۔ سپاہی مقبول حسین 40 سال تک ہندوستانی قید کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد 2005ء میں رہا ہوئے تھے۔

سپاہی مقبول حسین کا انتقال سی ایم ایچ اٹک میں ہوا ہے جہاں وہ زیر علاج تھے۔ وطن عزیز کی خاطر قربانیوں کے صلے میں انھیں ستارہ جرات سے نوازا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.