قلندرز کا مسلسل چھوتھی بار مایوس کن اختتام کنگز گھر میں ناکام

کراچی (سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے آخری میچ میں لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، اس فتح کے ساتھ سلطانز نے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن حاصل کر لی جبکہ قلندرز نے مسلسل چوتھی مرتبہ آخری نمبر کے ساتھ ایونٹ کا مایوس کن اختتام کیا ہے ،گروپ سٹیج کے آخری میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 61 رنز سے شکست دے کر پوائٹنس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ سلطانز نے 141 رنز کا ہدف 13ویں اوور میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا، فخر زمان کی ففٹی رائیگاں گئی، محمد عباس کو عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ گزشتہ روز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 29ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے ، محمد عباس نے 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف با آسانی 12.3 اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا،دوسرے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان میں اپنا 100واں ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے والے کامران اکمل نے اس سنگِ میل کو اپنے لئے یاد گار بناتے ہوئے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔امام الحق کے ہمراہ دونوں نے پہلی وکٹ پر 137 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ۔ پشاور زلمی کی ٹیم 203 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور ابتدا میں ہی بابر اعظم اور کولن منرو ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے ۔پہلے کولن منرو صفر پر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جس کے بعد بابر اعظم بھی 13 کے سکور پر پویلین لوٹ گئے ۔کراچی کنگز کی پوری ٹیم 142 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کامران میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔

تبصرے بند ہیں.