قرضوں کی سکیم میںلاک ڈائون سے متاثر ہ تاجروں کیلئے خصوصی کوٹہ مختص کیا جائے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

سرکاری ادارے ایسوسی ایشنز ،مارکیٹوں کے عہدیداروںکے ہمراہ سروے کریں ‘ مرکزی صدر اشرف بھٹی کی وفود سے ملاقات میںگفتگو

لاہور/سیالکوٹ/فیصل آباد/گوجرانوالہ(کامرس ڈیسک) آل پاکستان انجمن تاجران نے پنجاب حکومت کی جانب سے روزگار کے فروغ کیلئے 30ارب روپے سے زائد قرضوں کی فراہمی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈائون سے متاثر ہونے والے تاجروں کیلئے خصوصی کوٹہ مختص کیا جائے اور انہیں بلا سود قرضے دئیے جائیں،وزارت صنعت و تجارت کے نمائندے ایسوسی ایشنز اور مارکیٹوں کے عہدیدادروںکے ہمراہ سروے کریں اور ضرورتمند تاجروں کی فہرستیں مرتب کی جائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے مختلف اضلاع اور لاہور کی مارکیٹوں کے عہدیداروں اور تاجروںکے نمائندہ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شناختی کارڈ کی شرط سمیت دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ روزگار فروغ سکیم کے گریس پیریڈ کو چھ ماہ سے بڑھا کر ایک سال کیا جائے اور کورونا وباء کے دوران لاک ڈائون سے متاثر ہونے والے تاجروں کو ترجیح دی جائے ۔ حکومت اس سلسلہ میں مارکیٹوں کے سروے کر الے اور بھرپور جانچ پڑتال کے بعد تاجروں کو قرض کی فراہمی میں ترجیح دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صنعت و تجارت سے مطالبہ ہے کہ ہمارے مطالبات کی شنوائی کی جائے اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں کو مدعو کرکے ان سے مشاورت لی جائے تاکہ یہ سکیم سود مند ثابت ہو سکے۔

تبصرے بند ہیں.