وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو تحقیقاتی کمیشن سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر عمر ایوب، مراد سعید، سینیٹر فیصل جاوید، فردوس عاشق اعوان، جہانگیر ترین و دیگر موجود تھے۔دنیا نیوز کے مطابق اجلاس کے دوران احساس اور غربت خاتمہ پروگرام پر بھی بات کی گئی۔ مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے بجٹ اور حکومتی اہداف سے متعلق آگاہ کیا، چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی نے ٹیکس اصلاحات اور اہداف پر بریفنگ دی، اجلاس کے دوران جہانگیر ترین نے زراعت سے متعلق پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قرضوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن جلد قائم کیا جائے گا۔ تحقیقاتی کمیشن کا مقصد 24 ہزار ارب کے قرضوں کی تحقیقات کرنا ہے، ملکی معیشت مستحکم ہو چکی ہے، کٹھن راستہ طے کر لیا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 30 فیصد کمی آئی ہے۔ 4 ہزار ریونیو میں سے دو ہزار قرض کی صورت میں چلا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو غربت کی لکیر سے اوپر لانا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیح ہے۔ احساس پروگرام کا بجٹ 100 ارب سے بڑھا کر 191 ارب روپے تک لے گئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.