قانون سازی کرکے دہشتگردوں کی ضمانت نہیں ہونے دیں گے، وزیر اعظم نواز شریف

پشاور: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لئے اسپیشل فورس قائم کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کے جلد ٹرائل کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جس کے ذریعے اب مجرموں کی ضمانت نہیں ہونے دیں گے۔ پشاور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے چرچ دھماکے پر مسیحی برادری سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہیں اور حکومت ان دہشت گردوں کو کیفردار تک پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کو دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید ہتھیار دیں دے، حکومت ایسے قوانین بنا رہی ہے جن سے دہشت گرد اپنے کیفر کردار تک پہنچیں گے جبکہ دہشت گردوں کے جلد ٹرائل کے لئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امتیازی سلوک کا لفظ ہماری ڈکشنری میں نہیں ہے، ہمیں عیسائی برادری بھی دیگر پاکستانیوں کی طرح ہی عزیز ہے اور چرچ پر حملہ مسیحی برادری نہیں بلکہ پاکستان پر حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن کی بحالی کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائے گی، پولیس کو مضبوط بنایا جائے گا اور انسداد دہشت گردی کے لیے اسپیشل فورس بھی تشکیل دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور اس کے خاطر خواہ نتائج بھی سامنے آرہے ہیں اور امید ہے کہ آگے بھی اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اقدامات اٹھانے کے ساتھ یہ بھی کوشش کر رہی ہے کہ مجرموں کو عدالت سے بھی سزا ملے اور انہیں ایک صوبے سے دوسرے صوبے کی جیل بھی منتقل کیا جاسکے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں اور پشاور چرچ دھماکے کے متاثرین کے لئے صوبائی حکومت ٹرسٹ بنا رہی ہے جس میں 10 کروڑ روپے دیئے جائیں گے جس پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومت مسیحی برادی کے لئے جو چرچ بنائے گی اس میں وفاقی حکومت بھی 10 کروڑ روپے دے گی جن سے متاثرہ خاندانوں کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کے علاوہ وفاقی حکومت ہر متاثرہ خاندان کو 5 لاکھ روپے بھی دے گی۔ اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن امن وامان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، خارجہ امور سے سیکرٹری سرتاج عزیز، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور دیگر وفاقی و صوبائی وزرا بھی شریک تھے۔

تبصرے بند ہیں.