اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کو نااہل قرار دے دیا۔ ای سی پی نے پی ٹی آئی رہنما سے تمام مراعات واپس لینے کا حکم دے دیا۔الیکشن کمیشن نے دہری شہریت کے حوالے سے جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کو تاحیات نااہل قرار دے دیا۔ فیصل واوڈا سینیٹ کی نشست سے بھی محروم ہو گئے۔چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے سنائے گئے مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے قومی اسمبلی کے انتخابات کے موقع پر دہری شہریت چھوڑنے کا جو بیان حلفی جمع کرایا تھا، اس میں انہوں نے جھوٹ بولا، اس لیے وہ آئین کے آرٹیکل 62 کی شق ون ایف کی زد میں آتے ہیں اور ان کو تاحیات نااہل قرار دیا جاتا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ میں کہا ہے کہ 10 مارچ 2021 کو فیصل واوڈا کے بطور سینیٹر منتخب ہونے کا نوٹی فکیشن بھی واپس لیا جاتا ہے، بطور رکن قومی اسمبلی سینیٹ الیکشن میں دیا گیا ووٹ بھی غلط کاسٹ کیا گیا، فیصل واوڈا کو حکم دیا جاتا ہے کہ وہ دو ماہ کے اندر قومی اسمبلی کی تنخواہیں اور مراعات واپس کریں۔یاد رہے فیصل واوڈا نااہلی کیس الیکشن کمیشن میں 22 ماہ سے زائد عرصہ زیر سماعت رہا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کیس کا جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.