فوڈ گرین گودام ملازمین کا احتجاج چوتھے روز میں داخل

حیدرآباد: فوڈ گرین گودام ورکرز یونین سی بی اے حیدرآباد کی جانب سے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے خلاف اور اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے پیر کو چوتھے روز بھی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یونین رہنماء غلام مصطفی، غلام علی خاصخیلی و دیگر نے بتایا کہ محکمہ خوارک میں نچلے ملازمین کا کوئی پرسان حال نہیں، چوکیداروں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے محکمہ خوارک کے افسران نے مزدور دشمن پالیسی اختیار کر رکھی ہے، جس کے باعث حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔انھوں نے بتایا کہ ریٹائر ہوئے کئی ماہ گزرنے کے باوجود ریٹائرڈ ملازمین کے کاغذات تاحال مکمل نہیں ہوئے جس کے باعث وہ پنشن سمیت دیگر مراعات سے محروم ہیں جب کہ افسران نے ہالا فوڈ گودام کے چوکیدار امام دین کو بلا جواز برطرف کرکے اس کی تنخواہ روک رکھی ہے۔ جس کے باعث اس کے گھر میں فاقہ کشی کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ انھوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے مطالبات منظور کرکے ان میں پائی جانیوالی بے چینی کو ختم کیا جائے۔

تبصرے بند ہیں.