جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی)ف کے سربراہ اور ایم ایم اے کے صدر و اپوزیشن کے صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے درخواست کی ہے کہ وہ صدارتی انتخاب کے دوران ان کی حمایت کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے زرداری ہاوس میں آصف زرداری سے ملاقات کے دوران ان سے اعتزاز احسن کو دستبردار کرانے کی درخواست بھی کی۔ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سوا ساری اپوزیشن جماعتیں ان کے ساتھ ہیں، اعتزازاحسن کے نام پر اتفاق رائے کے لیے انہوں نے خلوص نیت سے کام کیا ہے تاہم اپوزیشن میں اس نام پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ملاقات میں پیپلزپارٹی کی طرف سے خورشید شاہ اور فرحت اللہ بابر جبکہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مولانا عبدالغفورحیدری اور اکرم درانی موجود تھے۔ملاقات کے بعد پی پی پی کے رہنماء فرحت اللہ بابر نے قمرزمان کائرہ کے ہمراہ میڈیا سے مختصر بات چیت میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقا ت کی اور ملاقات میں صدارتی الیکشن پر تبادلہ خیا ل ہوا ،مولانا نے اپنا موقف پیش کیا ،تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد پیپلزپارٹی نے ان سے گزارش کی کہ آپ کا موقف ہم نے سن لیا ہے اس وقت ہم کوئی فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اور یہ طے ہوا کہ منگل کی شام کو صدارتی الیکشن کے حوالے سے پارٹی حتمی فیصلہ کرے گی،پارٹی اجلاس میں مولانا کا موقف پیش کیا جائے گا اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا جس کے بارے میں میڈیا کو اگاہ کیا جائے گا.اس سے قبل مولانا فضل الرحمان کو مشترکہ اپوزیشن نے صدر کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا لیکن پاکستان پیپلزپارٹی ابھی تک چوہدری اعتزازاحسن کے نام پر بضد ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عارف علوی منصب صدارت کے لیے امیدوار ہیں.
تبصرے بند ہیں.