غیرایشیائی کنڈیشنزپاکستان کیلیے بھیانک خواب بن گئیں

ٹیم فاسٹ اور بائونسی پچزپر فتح کا فارمولا بھولنے لگی، گذشتہ 7 ’اوے‘ ٹیسٹ میں مسلسل ناکامیاں ہاتھ آئیں

کراچی(سپو ر ٹس ڈیسک)غیرایشیائی کنڈیشنز پاکستان کیلیے بھیانک خواب بن گئیں، ٹیم فاسٹ اور بائونسی وکٹوں پر فتح کا فارمولا بھولنے لگی، گذشتہ 7 ’اوے‘ ٹیسٹ میچز میں گرین کیپس کو لگاتار ناکامیوں کا منہ دیکھنا پڑا، 3 مرتبہ تو اننگز سے شکست ہاتھ آئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کو انگلینڈ نے مانچسٹر میں پہلے ٹیسٹ میں 3 وکٹ سے شکست دی، پہلی اننگز میں برتری اور قابل دفاع ٹوٹل کے باوجود گرین کیپس نے مقابلے پر سے اپنا کنٹرول ایسا کھویا کہ پھر نہ سنبھل سکے۔ یہ اپنے ملک اور یو اے ای سے باہر منعقدہ ٹیسٹ میچز میں پاکستانی ٹیم کی لگاتار ساتویں ٹیسٹ شکست ہے، اس سے قبل آسٹریلیا کے ٹور پر دونوں میچز میں اننگز کی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، برسبین میں اننگز اور 5 رنز جبکہ ایڈیلیڈ میں اننگز اور 48 رنز سے شکست ہوئی، قبل ازیں جنوبی افریقہ کے ٹور میں سنچورین میں 6 وکٹ، کیپ ٹائون میں 9 وکٹ اور جوہانسبرگ میں 107 رنز سے مات ہوئی۔لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف گذشتہ ٹور میں اننگز اور 55 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ ایشیائی کنڈیشنز میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے پاکستانی کھلاڑی فاسٹ اور بائونسی وکٹوں پر جیت کا فارمولا بھولنے لگے ہیں، اولڈ ٹریفورڈ کی شکست اس بات کا ثبوت ہے جہاں پر گرین کیپس اپنی ٹیسٹ تاریخ میں محض دوسری مرتبہ 220 سے زائد کے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستان کو اب انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز فتح کی 24 برس پرانی پیاس بجھانے کیلیے ٹور کے باقی دونوں میچز جیتنا ہوں گے، دوسرا ٹیسٹ 13 اگست سے سائوتھمپٹن میں شیڈول ہے جہاں حال ہی میں ویسٹ انڈین ٹیم انگلینڈ کو مات دے چکی ہے۔

تبصرے بند ہیں.