لاہور( مانیٹر نگ ڈیسک )صوبائی محتسب میجر (ر)اعظم سلیمان خان نے کہا ہے کہ عوام کی شکایات کا بغیر کسی تاخیر کے ازالہ کرنا اولین ترجیح ہے اور اس میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائے گی ،گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف محکموں سے متعلقہ 392 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 388 کا ازالہ کردیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق محتسب پنجاب میں موصول ہونے والی شکایات کا تعلق محکمہ پولیس، ریونیو، ایجوکیشن،صحت ، عشر وزکوۃ ، بیت المال اور دیگر محکموں سے تھا۔ ان شکایات میں گوجر خان ضلع راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے درخواست گزار دوائد اختر قریشی کی 50 کنال کی اراضی کے ریکارڈ کی درستگی کے متعلق شکایت موصول ہوئی جس پر محتسب آفس سے اس معاملے کے بارے میں متعلق محکموں سے انکوائری کروائی گئی جس کے نتیجے میں شکایت کنندہ کی 45 کنال کی بجائے اصل ریکارڈ کے مطابق 50 کنال اراضی بذریعہ فرد درست کروائی گئی۔اسی طرح حسن ابدال ضلع اٹک کی عابدہ پروین جس کا خاوند ایک مقامی انڈسری میں ملازم تھا اور دوران ملازمت 2018 میں انتقال کرگیا اور جس کی ڈیتھ گرانٹ کی ادائیگی پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سے اڑھائی سال سے تاخیر کا شکار تھی۔ عابدہ پروین کی درخواست موصول ہونے پر متعلقہ سیکرٹری کو ذاتی طور پر محتسب آفس میںطلب کرکے ڈیتھ گرانٹ کی ادائیگی کا حکم دیا گیا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے کا چیک بطور ڈیتھ گرانٹ محتسب ضلع اٹک کے علاقائی دفتر میں عابدہ پروین کو وصول کرایا گیا۔صوبائی محتسب میجر (ر) اعظم سلیما ن خان نے کہاکہ عوام میں اس محکمے کی افادیت کے بارے میں بھی آگاہی دی جارہی ہے جس کا مقصد ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرناہے ۔
تبصرے بند ہیں.