عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے چین سے نہیں بیٹھوں گا، نواز شریف

اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کا جامع پلان تیار کر لیا ہے، پوری قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے نہ خود چین سے بیٹھوں گا اور نہ اپنی ٹیم کو بیٹھنے دوں گا، دوسرں سے سامنے ہاتھ پھیلانے والے کبھی اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہو سکتے۔ قومی اسمبلی میں پاکستان کے ستائیسویں وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ مجھے دوبارہ وزیراعظم منتخب کرنے پر تمام ووٹرز اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، عوام کا اعتماد میرا قیمتی سرمایہ اور قوت ہیں۔ عوام کے دوٹوک فیصلے نے واضح کر دیا کہ وہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ہمارے پاس جمہوریت کے روشن راستے پر چلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی آمریت آئی عالمی برادری میں ہمارا وقار مجروح ہوا، آمریت کے باعث پاکستان کو شدید نقصان پہنچا، پاکستان میں جمہوریت کی بالادستی ہونی چاہئے اور مہم جوئی کے تمام دروازے بند کر دینے چاہئیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایوان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، میں قوم سے کچھ نہیں چھپاؤں گا اور نہ دلکش نظارے دکھاؤں گا نہ کسی خیالی جنت کا نقشہ پیش کروں گا۔پوری قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے نہ خود چین سے بیٹھوں گا اور نہ اپنی ٹیم کو بیٹھنے دوں گا۔ جب تک یہ ذمہ داری میرے کندھوں پر ہے ایک ایک لمحہ میرے لئے امانت ہے اور کبھی اس میں خیانت نہ کروں گا نہ کرنے دوں گا۔انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کریں گے، ہم نے ملک کو درپیش مسائل کے حل کا جامع پلان تیار کر لیا ہے۔ زرعی، صنعتی اور تجاری سرگرمیوں کو فروغ دے کر پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے والے کبھی اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہو سکتے۔ پاکستان بہت سے مسائل سے گھرا ہوا ہے میں اکیلا یا کوئی بھی جماعت اکیلے ملک کی بھنور میں پھنسی کشتی کو نہیں نکال سکتی۔ مجھے کسی سے کوئی گلہ یا شکوہ نہیں ہے ہم سب کو مل کر ملک کو مسائل سے نکالنا ہے۔

تبصرے بند ہیں.