عوام کو جلد پی پی کی حکومت یاد آئے گی، خورشید شاہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آنے والا دور پھر پیپلزپارٹی کا ہے ، پارلیمنٹ نے حکومت کا ساتھ نہ دیا تو پرویز مشرف کو سزا دینا مشکل ہو جائے گا۔ ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے لیکن وزیراعلیٰ پنجاب کو کیوں مینار پاکستان پر دھرنا دینے کا خیال نہیں آرہا۔ جلد عوام کو پیپلزپارٹی کی حکومت یاد آئے گی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت لوڈشیڈنگ انتہائی سطح پر پہنچ چکی ہے، پہلے 10سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اور اب یہ سلسلہ18گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔ سابق دور میں شہباز شریف نے مینار پاکستان کے باہر ٹینٹ آفس قائم کر لیا تھا اور تمام امور وہیں انجام دیتے تھے انھیں چاہیے کہ اب لوڈشیڈنگ کے خلاف جلوسوں کی قیادت کریں اور ایک مرتبہ پھر اپنی روایت دہراتے ہوئے مینار پاکستان پر دھرنا دیں کیونکہ ماضی کے مقابلے میں اب لوڈشیڈنگ بہت بڑھ چکی ہے۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ نے ساتھ نہ دیا تو پھر پرویز مشرف کو سزا دینا مشکل ہو جائے گا ۔ پیپلزپارٹی ملک کی واحد بڑی سیاسی جماعت ہے اور اگلے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر پیپلزپارٹی پوری آب و تاب کے ساتھ آئے گی۔ پیپلزپارٹی کی تنظیم نو کی جا رہی ہے اور اعتزاز احسن کو یہ ذمے داری سونپی ہے۔ ابھی حکومت کو چند روز ہی ہوئے ہیں اور عوام ن لیگ سے اکتا گئے ہیں۔ اب عوام کو پیپلزپارٹی یاد آرہی ہے کیونکہ ہم نے نہ صرف لاکھوں افراد کو نوکریوں پر بحال کیا بلکہ ہر سال بجٹ میں 15فیصد تنخواہیں بڑھائیں۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ سابق اپوزیشن لیڈر کو سپریم کورٹ نے بہت اکاموڈیٹ کیا، دیکھتے ہیں موجودہ قائد حزب اختلاف کے ساتھ کیا طریقہ کار اپنایا جائے گا ۔

تبصرے بند ہیں.