عمر گل کیلئے ٹی ٹوئنٹی پرفارمنس آف دی ائیر ایوارڈ ،سعید ٹیم آف دی ائیر میں شامل

دبئی ()انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سال کے بہترین کھلاڑیوں اور ٹیموں کا اعلان کر دیا،آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک دو ایوارڈز لے اڑے،پاکستان کے دو بولرز کو بھی ایوارڈ کا اعزاز مل گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں رواں سال کے بہترین کرکٹرز اور آفیشلز کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔آسٹریلیا ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ جیتا،ساتھ ہی وہ پلئیر آف دی ائیر بھی منتخب ہوئے۔پاکستان کے فاسٹ بولر عمر گل ٹی 20 انٹرنیشنل پرفارمنس آف دی ائیر کے حقدار ٹھہرے، بھارت کے نوجوان کھلاڑی چٹیشور پوجارا ایمرجنگ کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ لے اڑے ، سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگا کارا ون ڈے کرکٹر آف دی ائیر بن گئے۔سپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ سری لنکا ہی کے مہیلا جے وردھنے کے نام رہا،آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں پاکستان کے سعید اجمل کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹیسٹ ٹیم آف دی ائیر میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکا۔آئی سی سی پیپلز چوائس ایوارڈ بھارت کے مہندراسنگھ دھونی نے اپنے نام کیا ،تین بار کے امپائر آف دی ائیر کا ایوارڈ جیتنے والے پاکستان کے علیم ڈار رواں سال بھی اس اعزاز سے محروم رہے، انگلینڈ کے رچرڈ کیٹل بورو نے امپائر آف دی ائیر کا ایوارڈ جیت لیا۔آئی سی سی ویمن ٹی 20 کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ انگلینڈ کی سارا ٹیلر کے نام رہا جبکہ ون ڈے کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس نے جیتا۔

تبصرے بند ہیں.