صوبوں کو منتقل خدمات پر وفاق کے ٹیکس لینے کا انکشاف
اسلام آباد: وفاق کی طرف سے صوبوں کو منتقل کی جانیوالی سروسز پر بھی ٹیکس وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔ صوبوں نے ایف بی آر سے کروڑوں روپے کے واجبات کی وصولی کیلیے وفاق سے مداخلت کی درخواست کر دی ہے جبکہ سندھ ریونیو بورڈ نے 14کروڑ 7 لاکھ 36 ہزار روپے کے واجبات کی وصولی کیلیے وفاق کو لیٹر لکھ دیا ہے۔ یہ انکشاف سندھ ریونیو بورڈ کی طرف سے وفاقی وزارت خزانہ کو لکھے جانیوالے خط میں کیا گیا ہے۔ سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی)کی طرف سے وفاقی وزارت خزانہ کو لیٹر لکھا گیا ہے کہ آئین کے تحت خدمات پر ٹیکس عائد کرنے اور وصول کرنے کا اختیار صوبوں کو دیا جا چکا ہے اور اسی کے تحت سندھ ریونیو بورڈ اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کی طرف سے اپنے اپنے صوبے میں خدمات پر ٹیکس وصولی بھی کی جارہی ہے ۔ خط میں کہا گیاکہ اب بھی متعدد سروسز فراہم کرنے والے اداروں اور کمپنیوں کی طرف سے سروسز پر ٹیکس واجبات سندھ ریونیو بورڈ کو جمع کرانے کے بجائے غلطی سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کو جمع کرائے جارہے ہیں، سندھ ریونیو بورڈ نے خط کے ہمراہ ان کمپنیوں اور اداروں کی فہرست اور انکی طرف سے ایف بی آرکو جمع کرائے جانیوالے ٹیکس واجبات کی بھی تفصیلات منسلک کی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال 2012-13 کے دوران سروسز فراہم کرنیوالے اداروں اور کمپنیوں کی طرف سے ایف بی آر کو 4کروڑ 66لاکھ 58 ہزار روپے کا ٹیکس غلطی سے جمع کرایا گیا جبکہ یہ ٹیکس سندھ ریونیو بورڈ کا ہے۔
تبصرے بند ہیں.