صحتیاب افراد کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کا مطلب نیا انفیکشن نہیں،WHO

نیو یارک (فارن ڈیسک)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ کورونا سے صحتیاب افراد کا دوبارہ ٹیسٹ مثبت آنے کا مطلب نیا انفیکشن نہیں ہے۔، عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا سے صحتیاب افراد کا دوبارہ مثبت ٹیسٹ آنےکا مطلب نیا انفیکشن نہیں ہے بلکہ ایسے افراد پھیپھڑوں کے مردہ خلیوں کو باہر نکال رہے ہوتے ہیں۔ترجمان ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ جنوبی کوریا میں اپریل میں 100 سے زائد ایسے کیسز سامنے آنے پر تشویش پیدا ہو گئی تھی تاہم اس وقت تک کی معلومات اور حالیہ اعداد و شمار کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ یہ وہ مریض ہیں جو بحالی کے مراحل میں اپنے پھیپھڑوں سے مردہ خلیوں یا مواد کو باہر نکال رہے ہوتے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں بہتر طور پر سمجھنے کے لیے صحتیاب مریضوں سے نمونے جمع کرنے ہوں گے کہ وہ کب تک وائرس سے جان چھڑاتے ہیں اور یہ بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ یہ وائرس دوسرے لوگوں میں منتقل کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ماہ خبردار بھی کیا تھا کہ کورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد لاپروائی کا مظاہرہ نہ کریں کیونکہ اس وقت تک ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے جس سے یہ ظاہر ہو کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد اس کے دوبارہ حملے سے محفوظ ہو گئے ہیں۔خیال رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس سے دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 38 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.