صارفین کو 3 کروڑ انرجی سیور تقسیم کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد: وزارت پانی و بجلی نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے وزیراعظم کے پروگرام انرجی سیور کے پہلے مر حلے میں تین کروڑ انرجی سیور صارفین میں تقسیم کرنیکا فیصلہ کیا ہے جبکہ بجلی کے بل کے ساتھ ایک رسید ہوگی جو ایک انرجی سیور لے گا وہ 100 واٹ کے دو بلب واپڈا میں جمع کرائے گا۔ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع نے بتایا کہ بجلی کے صارفین کیلئے انرجی سیور تقسیم کرنیکا پروگرام پرویز مشرف کے دور حکومت میں شروع ہوا تھا اور تین کروڑ انرجی سیور خرید لئے تھے لیکن اس وقت یہ انرجی سیور مفت تقسیم کرنے کا پروگرام تھا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ موجودہ حکومت نے انرجی سیور تقسیم کرنے کے ساتھ شرط عائد کی ہے کہ جو صارف دو بلب جمع کرائے اسے انرجی سیور دیئے جائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ انرجی سیور کی تقسیم اور صارفین سے بلبوں کی وصولی کیلئے کوئی خاص طریقہ کار وضع نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اس منصوبے پر شفافیت پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ اب صورت حال یہ ہے کہ آئیسکو کے مختلف ڈیسکوز کے پاس لاکھوں صارفین ہیں اور ان سے جو بلب وصول کئے جائیں گے وہاں کہاں جائیں گئے اور کسی کو نوازا جائے گا تاحال ڈسٹربیوشن کمپنیوں نے بجلی کے بل صارفین کو بھجوا دیئے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ہدایات آنا باقی ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ انرجی سیور کے لاکھوں روپے کے اشتہارات دیئے جا رہے ہیں اس کے پیسے کہاں سے آ رہے ہیں۔ ملک بھر کے سب ڈویژن کو حکومت کی جانب سے یہ ہدایات نہیں ملیں کہ آیا مساجد، سکول، دکانیں اور حکومتی ادارے اس سے مستثنیٰ ہونگے۔

تبصرے بند ہیں.