شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی‘ 2 اہم مطلوب دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا کمانڈر رشید اور عبدالسلام شامل ہے‘ جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھے‘ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ۔ آئی ایس پی آر

راولپنڈی – شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 2 اہم مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے 2 اہم اور مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشت گردوں میں کمانڈر رشید عرف جابر اور عبدالسلام عرف چمٹو شامل ہیں۔

 


آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور ان ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ دو روز قبل شمالی وزیرستان میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 6 افراد شہید ہوگئے تھے، میران شاہ میں ہونے والے خود کش دھماکے میں 3 سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ 3 بچے بھی شہید ہوئے، شہید اہلکاروں میں حولدار زبیر قادر، سپاہی عزیر اصفر اور سپاہی قاسم مقصود شامل ہیں جب کہ شہید بچوں میں 4 سال کی انعم، 8 سال کا احسن اور 11 سال کا احمد حسن شامل ہے۔


اس سے پہلے 26 اپریل کو جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوئے، دہشت گردوں کی فائرنگ کے جواب میں سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنوبی وزیرستان کے ضلع سراروغا میں دہشت گردوں کی طرف سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے، دہشت گردوں کی فائرنگ کے جواب میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جب کہ دہشت گردوں کی تلاش کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا، دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے لانس نائیک عمر علی خان اور سپاہی محمد سراج الدین نے جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والے 26 سالہ لانس نائیک عمر علی خان کا تعلق بنوں سے تھا، 23 سالہ سپاہی محمد سراج الدین کا تعلق ڈی آئی خان سے تھا۔

تبصرے بند ہیں.