لاہور (سپو ر ٹس ڈیسک) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کیلیے سیکنڈ الیونز بھی کورونا کلیئرنس پانے میں کامیاب ہوگئیں جب کہ کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف کو بائیو سیکیور ببل میں منتقل کردیا گیا۔قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کیلیے 6سیکنڈ الیون اسکواڈز اور معاون اسٹاف کے دوسرے کورونا ٹیسٹ بھی منفی آگئے، 2افراد کی رپورٹس آنا ابھی باقی ہیں، کلیئر قرار پانے والے کھلاڑی اور اسٹاف ایونٹ کیلیے لاہور میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے۔سینٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے اسکواڈز پہلے سے ہی لاہور میں موجود تھے، دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آنے کے بعد مریدکے کنٹری کلب کے سینٹرل اسٹیشن پر موجود بلوچستان اور سندھ کے کھلاڑی اور اسٹاف بھی مقامی ہوٹل میں پہنچ گئے۔ جہاں کھلاڑیوں کو آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے۔یاد رہے کہ دوسرا ٹیسٹ کلیئر آنے تک تمام پلیئرزکو اپنے کمروں تک محدود رہنے کا کہا گیا تھا، اس دوران انھوں نے موبائل فونز سے ہی دل بہلایا، سیکنڈ الیون اسکواڈز میں شامل کرکٹرز اور سپورٹ اسٹاف بدھ سے قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغازکردیں گے۔ سندھ سیکنڈ الیون ٹیم کے کپتان فواد عالم بھی بدھ کو لاہور پہنچیں گے۔دورہ انگلینڈ سے وطن واپس پہنچنے والے بیٹسمین کے پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے، دوسرا جمعرات کو لاہور آمد پر ہوگا۔ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا آغاز یکم اکتوبر کو ہونا ہے۔دوسری جانب بلوچستان فرسٹ الیون کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدر کورونا پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی وجہ سے قرنطینہ میں تھے، اس دوران دونوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے، انھیں بدھ کو سفر کرنے اور ملتان میں اپنی ٹیم کو جوائن کرنے کی اجازت ہوگی۔
تبصرے بند ہیں.