سیمنٹ کی مقامی فروخت اکتوبرمیں16فیصد بڑھ گئی

کراچی: 

انفرااسٹرکچر منصوبوں کی تعمیری سرگرمیوں میں اضافے کی وجہ سے سیمنٹ کی مقامی کھپت میںاکتوبر کے دوران 15.88فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم ایکسپورٹ 2فیصد گر گئی مگر بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے کیلیے سیمنٹ انڈسٹری اپنی 92.77فیصد پیداواری استعداد بروئے کار لارہی ہے ۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق ، رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 11.26 زائد رہی، اس دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 1.73فیصد اضافہ ہوا، اس طرح سیمنٹ کی مجموعی فروخت 4ماہ کے دوران 9.57فیصد زائد رہی۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق اکتوبر میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.008ملین ٹن رہی جو 15.88فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے، گزشتہ ماہ سیمنٹ کی برآمدات 0.518ملین ٹن تک محدود رہیں جو اکتوبر 2015کے مقابلے میں 1.96فیصد کم ہیں۔

تبصرے بند ہیں.