سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کے خلاف اپیل مسترد کرد ی

اسلام آباد

سپریم کو رٹ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کے خلاف دائر کی گئی اپیل مستردکر دی۔عدالت نے عظیم آفریدی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھے۔  نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی سے متعلق اپیل پر سماعت کی۔ سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کے خلاف عظیم آفریدی کی جانب سے اپیل کی گئی تھی جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا ئے تھے۔ سما عت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیا ل نے درخواست گزار وکیل سے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن میں اس وقت کوئی حاضر سروس جج ہے؟، جس کے جواب میں وکیل کا کہنا تھا کہ اس وقت الیکشن کمیشن میں کوئی حاضر سروس جج رکن نہیں ہے۔جس پرجسٹس عمر عطابندیال کا کہنا تھا کہ پھر تو بات ہی ختم ہو جاتی ہے،آپ کی کوشش کو سراہتے ہیں آپ نے آئینی نکتہ اٹھایا ہے۔  جسٹس عمر عطا بندیال نے مزید کہاکہ آپ کہتے ہیں ریٹائرڈ بیوروکریٹ کو چیف الیکشن کمشنر نہیں لگایا جا سکتا ،آپ نے کہا ہے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لئے چیف جسٹس سے مشاروت ہونی چاہئے،آپ نے چیئرمین نیب تعیناتی کیس کا فیصلہ پڑھا ہے؟چیف الیکشن کمشنر اور چیئرمین نیب جوڈیشل افسر نہیں ہوتے،آئین کے مطابق کسی آئینی ترمیم کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔

تبصرے بند ہیں.