راولپنڈی:ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی افغانستان میں ہلاکت کے بعد اس پر بحث مناسب نہیں۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ افغانستان میں امریکی ڈرون حملے کے دوران القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کے واقعے پر دفتر خارجہ نے وضاحت دیدی ہے، اس کے بعد بار بار اس موضوع پر بحث مناسب نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لسبیلہ میں یکم اگست کو ہیلی کاپٹر کا افسوس ناک حادثہ ہوا، ہیلی کاپٹر ریلیف کی کارروائیوں میں مصروف تھا، ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا شروع کردیا گیا۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ منفی پروپیگنڈے سے شہدا کی فیملی، افواج پاکستان اور پوری قوم کی دل آزاری ہوئی، بے حسی کے رویے کی ہرسطح پر مذمت کرنی چاہیے۔ سوشل میڈیا پرقیاس آرائیوں سے اجتناب کرنا چاہیے، بے حسی کا رویہ ناقابل قبول ہے، ایسے عناصرکومسترد کرنے کی ضرورت ہے۔ قوم شہداء کے ساتھ کھڑی ہے۔
تبصرے بند ہیں.