اسلام آباد(سپو ر ٹس ڈیسک)سندھ گیمز میں پوزیشن حاصل کرنے والے 509 کھلاڑیوں اور آفیشلز نے سندھ گیمز ایسوسی ایشن کی جانب سے ایوارڈ حاصل کرنے کیلئے اپنے ناموں کی رجسٹریشن کروا دی ہے۔ پہلی ایوارڈ تقریب رواں ماہ ستمبر کے آخری ہفتے کراچی میں منعقد ہوگی۔ گذشتہ روز سندھ گیمز ایسوسی ایشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے بتایا کہ سندھ گیمز ایسوسی ایشن نے گذشتہ 17 سندھ گیمز میں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ایوارڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے لئے کھلاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن گذشتہ روز اختتام پذیر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب تک 17 گیمز کھیلی جا چکی ہیں اور ان گیمز میں پوزیشن حاصل کرنے والے 509 کھلاڑیوں اور آفیشلز نے اپنی اپنی رجسٹریشن کروا دی ہے اور ان تمام گیمز میں سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ایوارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔کھلاڑیوں کو ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریبات صوبے کے 6 مختلف بڑے بڑے شہروں میں منعقد ہونگی جن میں کراچی، لاڑکانہ، بے نظیر آباد، میرپور خاص، سکھر اور حیدرآباد شامل ہیں۔
تبصرے بند ہیں.