سندھ حکومت کراچی میں امن قائم نہ کرسکی تو وفاق سے مدد مانگیں گے، تاجر برادری

کراچی: تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومتِ سندھ فوری طور پر کراچی میں قیامِ امن کی ذمے داری پوری کرے۔ شہر میں محاذ آرائی اور کشیدگی کا ماحول ختم کیا جائے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط اور خود مختار بنایا جائے، پولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد اور رینجرز کے اختیارات وسیع کیے جائیں، بھتہ، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف موثر اور بھرپور اقدامات کیے جائیں، مارکٹیں بھتہ خوروں کے تسلط سے آزاد کروائی جائیں، سندھ حکومت نے ذمے داریاں پوری نہ کیں تو وفاق کو دعوت دینے پر مجبور ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے قائمقام صدر نوید جان بلوچ کی زیرِصدارت فیڈریشن ہاؤس میں منعقد کی گئی امن کانفرنس میں پیش کی گئی قرارداد میں کیا گیا جس میں صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ شاہین الیاس سروانہ، رخسانہ جہانگیر، شکیل ڈھینگڑا، میاں زاہد حسین، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر، رکن صوبائی اسمبلی پروین کوثر، خواجہ قطب الدین، اصغر مورا والا، ذکریا عثمان، منظر عالم، اکرم رانا اور دیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔

تبصرے بند ہیں.