سندھ: انتخابی دھاندلی کیخلاف 10 جماعتی اتحاد کی ہڑتال
حیدرآباد: عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف دس جماعتی اتحاد کی اپیل پر سندھ کے مختلف شہروں میں ہڑتال کی جارہی ہے، متعدد شہروں میں کاروبار اور ٹرانسپورٹ مکمل طورپر بند ہے۔ عام انتخابات میں دھاندلیوں کے خلاف دس جماعتی اتحاد کی اپیل پر حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں جزوی ہڑتال کی گئی ہے۔ ٹنڈو محمد خان، میرپورخاص، جامشورو میں بھی ہڑتال کی جا رہی ہے۔ خیرپور میں مکمل ہڑتال کے باعث کاروبار اور ٹرانسپورٹ مکمل بند ہے جبکہ سکھر میں جزوی ہڑتال ہے، بیشتر کاروباری مراکز کھلے ہیں تاہم ٹرانسپورٹ معمول سے کم ہے۔ سکھر سے اندرون سندھ جانے والی ٹریفک معمول سے کم رہی۔ انٹرمیڈیٹ کے پیپر معمول کے مطابق جاری رہے۔ شکارپور میں بھی جزوی ہڑتال ہے، شہدادکوٹ کے علاقے وارہ میں مکمل اور نصیرآباد میں جزوی ہڑتال کی گئی ہے۔ بدین اور لاڑکانہ میں شہریوں نے کاروبار بند کرنے سے انکار کردیا۔ سولہ مئی کو دس جماعتی اتحاد کی کال پر دی گئی ہڑتال کے موقع پر بدین کے علاقے نندو میں دکانیں بند کرانے پر دو سیاسی گروہوں میں تصادم ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں بیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ آج بدین میں شرپسند عناصر نے کاروبار بند کرانے کی کوشش کی لیکن شہریوں نے کاروبار بند کرنے سے صاف انکار کردیا۔
تبصرے بند ہیں.