سموئلز نے ویڈیوز سے پاکستانی بولنگ کو ’ڈی کوڈ‘ کرلیا

گروس آئیلٹ: ویسٹ انڈین کرکٹر مارلون سموئلز نے ویڈیوز کی مدد سے پاکستانی بولنگ کو ’ڈی کوڈ‘ کرلیا۔ چوتھے ون ڈے میں ناٹ آؤٹ 106 رنز بنانے والے بیٹسمین کا کہنا ہے کہ میں اچھی طرح جانتا تھا کہ کس بولرز کی پٹائی کرنی اور کس کو سنبھل کر کھیلنا ہے، بارش نہ ہوتی تو فاتح ہم ہوتے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں مارلون سموئلز نے 106 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 9 چوکے شامل رہے، انھوں نے پانچویں نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے کرس گیل کے ہمراہ 57 رنز کی شراکت کی اور پھر ففٹی سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا، اگلی 35 بالز پر سموئلز نے سنچری مکمل کرلی، یہ ان کی 2012 میں بنگلہ دیش کے خلاف تھری فیگر اننگز کے بعد پہلی ایسی اننگز ہے۔سموئلز نے انکشاف کیا کہ شاندار اننگز کی وجہ پاکستانی اعلیٰ معیاری بولنگ اٹیک کے خلاف میرا ہوم ورک ہے، میں جب 2 یا 3 بار کسی بولنگ کا سامنا کرلوں تو پھر اسے اچھی طرح کھیلنے لگتا ہوں، میں نے پاکستانی بولرز کی بہت زیادہ وڈیوز دیکھیں جو ہمارے وڈیو اینڈ اسٹیٹ اینالسٹ رچرڈ بیرج نے مہیا کی تھیں، ان کا اچھی طرح جائزہ لینے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا کہ مجھے کن بولرز کو ہدف بنانا اور کن کے خلاف محتاط رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سنگلز لینے ہیں، میں نے اپنے پلان کے تحت بیٹنگ کی جس کا فائدہ بھی ہوا۔ سموئلز کو اس شاندار کاوش پر مین آف دی میچ ایوارڈ تو ضرور ملا مگر ان کی ٹیم کامیابی حاصل نہیں کرپائی، ان کا کہنا ہے کہ اگر بارش نہ ہوتی تو یقینی طور پر ڈرائیونگ سیٹ پر ہم بیٹھے ہوتے، اسکور بورڈ پر ہم نے بہت زیادہ رنز سجالیے تھے جبکہ پاکستانی ٹیم بھی مستقل مزاجی سے بہتر کھیل پیش نہیں کررہی، ہمیں معلوم تھا کہ ہمارے پاس اچھے بولرز موجود تھے، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں حریف پر مزید دباؤ بڑھا کر میچ جیتنا چاہیے تھا۔

تبصرے بند ہیں.