ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے دارالحکومت الریاض میں موجود قومی تاریخی ورثے کی حامل تمام عمارتوں کی مرمت اور ان کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے بتایا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر الریاض شہر کے وسط میں موجود تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی حامل پرانی عمارتوں کی مرمت کے احکامات پرعمل درآمد شروع کردیا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان الریاض کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار ان کی قومی ورثے کی حفاظت میں دلچسپی کی عکاسی ہوتی ہے۔ایک پریس بیان میں شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے بتایا کہ تاریخی عمارتوں کی بحالی اور مرمت کا کام عالمی معیار کے مطابق کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں الریاض کے 15 تاریخی محلات کی مرمت کی جائے گی۔ یہ تمام محلات الفوطہ اور ظہیرہ کالونیوں میں واقع ہیں۔ ان میں 3 مشرقی الفوطہ اور 7 مغربی الفوطہ اور پانچ شاہی محلات ظہیرہ کالونی میں ہیں۔ ان کی مرمت اور بحالی کی باقاعدہ کارروائی آئندہ سال جنوری میں شروع کی جائے گی۔ بحالی اور مرمت کا کام 24 ماہ میں مکمل ہو گا۔
تبصرے بند ہیں.