سعودی عرب میں دنیا کے مہنگے ترین چاول کی کاشت کاری کے تصویری مناظر

یہ چاول سعودی عرب کے دوسرے شہروں میں فروخت ہونے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی بھیجا جاتا ہے،رپورٹ

ریاض (مانیٹر نگ ڈیسک)سعودی عرب کی مشرقی گورنری الاحسا میں نہ صرف مملکت بلکہ پوری دنیا کے مہنگے ترین چاول کاشت کیے جاتے ہیں۔ الاحسا میں ان دنوں چاول کی فصل کی کاشت کا موسم ہے اور کسان پو پھوٹنے کے ساتھ ہی کھیتوں کو چل دیتے اور سورج کی تمازت کے زور پکڑنے تک کھیتوں میں دھان کی اچھی خاصی کاشت کاری کر لیتے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق الاحسا کا لال چاول پوری دنیا میں مشہور اور مہنگا ترین چاول سمجھا جاتا ہے۔ آج کل اس چاول کی تیارہ شدہ پنیری کو نکال کر پانی سے بھرے کھیتوں میں وقفے وقفے سے اس کی بیجائی کا موسم ہے جسے مقامی زبان میں السنایہ کا مرحلہ کہا جاتا ہے۔ کاشت کار پنیری پہلے تیار کرتے ہیں جب کہ چاول کی کاشت کا کل عرصہ چار ماہ پر مشتمل ہوتا ہے۔الاحسا میں چاول کی کاشت صدیوں سے چلی آ رہی ہے۔ مقامی لوگ دیسی کاشت کردہ چاولوں سے اپنے مہمانوں کی تواضع کرتے ہیں۔دنیا کے ان مہنگے ترین چاولوں کی قیمت کے حوالے سے اتنا جاننا کافی ہے کہ الاحسا میں کاشت ہونے والے لال چاول کے ایک کلو گرام کی قیمت 25 ریال تک ہوتی ہے۔ یہ چاول سعودی عرب کے دوسرے شہروں میں فروخت ہونے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی بھیجا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ الاحسا میں کاشت ہونے والے چاول میں کئی قدرتی خواص پائے جاتے ہیں جن میں آئرن ، فائبر اور وٹامن بی خاص طورپر شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.