سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اورپنشن میں اضافے کا فیصلہ
کراچی: نئے مالی سال کے بجٹ میں وفاقی حکومت کے ماتحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں15سے 20 فیصد جبکہ ریٹائر ملازمین کی پنشن میں 20سے 25فیصد اضافے کا فیصلہ کرلیا گیاہے۔ تاہم اس کی حتمی منظوری نئی قائم ہونے والی وفاقی کابینہ دے گی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق حکومت کی پے اینڈ پنشن جائزہ کمیٹی نے نئے مالی سال کے حوالے سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کیلیے سفارشات مرتب کرکے وزارت خزانہ کو بھیج دی ہیں ۔ ان سفارشات کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلیے 2 تجاویز دی گئی ہیں۔ پہلی تجویز کے مطابق حاضر سروس ملازمین کی تنخواہیں 15سے 20فیصد اضافے جبکہ دوسری تجویزکے مطابق ان ملازمین کی تنخواہیں 10سے 15فیصد بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ریٹائر ملازمین کی پنشن میں اضافے کیلیے3 تجاویزمرتب کی گئی ہیں ۔ پہلی تجویزکے مطابق 2000 سے قبل ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پنشن میں 20سے 25فیصداضافے ،دوسری تجویز کے مطابق اس کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پنشن میں 15سے 20فیصد اضافے اور تیسری تجویز کے مطابق تمام ریٹائر سرکاری ملازمین کی پنشن میں 20فیصد اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.