سرکاری محکموں کو ذمہ داری سے اپنے فرائض سرانجام دینے چاہئیں، شہبازشریف

لاہور: وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے سرکاری محکموں کو ذمہ داری سے فرائض سرانجام دینے چاہئیں۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت انفراسٹرکچر کی ترقی اور سرکاری اداروں کی استعدادکار بڑھانے کےلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ، اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے سرکاری محکموں کو ذمہ داری سے فرائض سرانجام دینے چاہئیں جبکہ میگا پراجیکٹس کے آغاز سے تکمیل تک کے لئے روایتی طریقہ کار کی جگہ جدید بزنس ماڈل تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں روایتی تاخیر سے نہ صرف ان کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے جامع نظام وضع کیا جائے، وزیراعلیٰ نے کابینہ کی سب کمیٹی کے قیام کی ہدایت کردی جو 7 روز میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ دوسری جانب پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی چائنہ سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن کے درمیان لاہور رنگ روڈ کے ویسٹرن لوپ کی تعمیر سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے، معاہدے کے تحت چینی کمپنی ملتان روڈ مراکہ سے نیازی انٹرچینج تک 26 کلومیٹر طویل رنگ روڈ کی تعمیر کے لئے نیلامی کے عمل میں حصہ لے گی۔

تبصرے بند ہیں.