سربیا کااپنا سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کے فیصلے پر یورپی یونین کی تنقید

سربیا یورپی ممبر شب کے لیے بات چیت کے مرحلے میں ہے،اپنے طور پر کوئی فیصلہ نہ کرے،ترجمان یورپئین خارجہ امور

برسلز(مانیٹر نگ ڈیسک)یورپی یونین نے سربیا کی جانب سے اپنا سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے بلغراد کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے یورپین نقطہ نظر کو کمزور نہ کرے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس حوالے سے برسلز میں ایک آن لائن پریس کانفرنس میں یورپین خارجہ امور کے ترجمان پیٹر اسٹانو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کی اپنے سفارت خانوں کو یروشلم منتقل نہ کرنے کے حوالے سے ایک واضح اور جانی پہچانی پالیسی ہے اور اس میں ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اسی لیے یورپین ڈیلیگیشن سمیت کسی یورپین ریاست کا سفارت خانہ یروشلم میں نہیں ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ سربیا یورپ کے ساتھ اپنی ممبر شب کے بارے میں بات چیت کے مرحلے میں ہے۔ اس لئے یورپین ممبر شپ کے خواہش مند کسی بھی ملک کا کسی بھی سفارتی اقدام کو اٹھاتے ہوئے یورپین یونین کی یروشلم کے بارے میں طے شدہ پالیسی سے انحراف، تشویش اور افسوس کا سبب ہے۔ پیٹر اسٹانو نے مزید یاد دلایا کہ یورپین یونین کے 27 ممالک پر مشتمل بلاک القدس کے معاملے سمیت دو ریاستی حل کے بارے میں اپنی پوزیشن کی بار بار وضاحت کرتا چلا آرہا ہے۔ ہمیں بات چیت کے ذریعے ایسا حل نکالنا چاہیے جس میں فلسطین اور اسرائیل دونوں کا مستقبل میں دارالحکومت القدس ہو۔

تبصرے بند ہیں.