سانگھڑ: صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 81 پر ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ جاری

سانگھڑ: پیپلز پارٹی کے رکن محمد خان جونیجو کی نااہلی کے بعد سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 81 پر ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ سانگھڑ کے حلقہ پی ایس 81 پر کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 27، ہزار288 ہے، اس حلقے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ فنکشنل سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے حمایت یافتہ اور آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں تاہم اصل مقابلہ فنکشنل لیگ کے جام مد علی اور پیپلز پارٹی کے اصغر علی جونیجو کے درمیان ہے،پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گا،پولنگ کے عمل کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لئے حلقے میں 4 ہزار پولیس اہلکاروں کے علاوہ ہر پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج کے جوان اور رینجرز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ جعلی ڈگری کیس میں سندھ ہائی کورٹ کے 3رکنی بنچ نے محمد خان جونیجو کو نااہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد یہاں ہونے والے انتخابات بھی کالعدم قرار دے دیئے گئے۔

تبصرے بند ہیں.