ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر احمد شریف چودھری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کا سانحہ پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش تھی، لوگوں کے جذبات کو اشتعال دلا کر فوج کے خلاف اکسایا گیا۔پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر احمد شریف چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کی پریس بریفنگ کا مقصد سانحہ 9 مئی سےآگاہ کرنا ہے، 9 مئی کے واقعات نے ثابت کر دیا جو کام دشمن 75 برسوں میں نہ کر سکا وہ مٹھی بھر سہولت کاروں نے کر دکھایا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش تھی، 9 مئی کی سازش گزشتہ کئی ماہ سے چل رہی تھی، لوگوں کے جذبات کو اشتعال دلا کر فوج کے خلاف اکسایا گیا، ملک کے اندر اور بیرون ملک شرانگیز بیانیہ پھیلایا گیا۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان آئے روزعظیم شہدا کے جنازوں کو کندھا دے رہی ہے، روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردوں کی سرکوبی کی جا رہی ہے، ایک طرف فوج قربانیاں دے رہی ہے، دوسری طرف مذموم سیاسی مقاصد کے لیے افواج کے خلاف گھناؤنا پروپیگنڈا کیا گیا، شہدا کے خاندانوں کی دل آزاری کی گئی۔میجر احمد شریف چودھری نے کہا کہ جنہوں نےگھناؤنے ایجنڈے کی منصوبہ بندی کی وہ لوگ کب قانون کے کٹہرے میں لائے جائیں گے، شہدا کے لواحقین آرمی چیف سے سوال کر رہے ہیں، شہدا کے ورثا، آرمی کے تمام رینک ہم سے سوال اٹھا رہے ہیں اگراسی طرح بےحرمتی ہونی ہے تو پھر ملک کی خاطر جان قربان کرنے کی کیا ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج نے اپنی روایات کے مطابق خود احتسابی کے عمل کو مکمل کیا، متعدد گریژن میں پرتشدد کارروائیوں پر انکوائری کی گئی، گریژن اور فوجی تنصیبات کی سکیورٹی میں ناکامی پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی، لیفیٹننٹ جنرل سمیت 3 افسران کو نوکری سے نکال دیا گیا۔
تبصرے بند ہیں.