سابق صدر زرداری احتساب عدالت پیش، صحت جرم سے انکار

سابق صدر آصف علی زرداری احتساب عدالت کے روبرو پیش، سابق صدر کا صحت جرم سے انکار, فرد جرم عائد نہ ہو سکی

اسلام آباد: ) سابق صدر آصف علی زرداری اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سابق صدر کو ایس جی ایس، کوٹیکنا اور پولو گرائونڈ ریفرنس سمیت دیگر ریفرنسز میں طلب کر رکھا تھا۔ سابق صدر آصف علی زرداری احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے خلاف الزامات کا دفاع کرتے ہوئے صحت جرم سے انکار کیا۔ سابق صدر کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ایلیٹ فورس کے کمانڈوز، رینجرز اور پولیس کے اہلکار سیکیورٹی پر مامور تھے۔ سابق صدر آصف علی زرداری جب احتساب عدالت پہنچے تو وہاں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ان کے حق میں شدید نعرہ بازی کی۔ احتساب عدالت پیشی کے موقع پر رحمان ملک، خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ، نبیل گبول، فارق ایچ نائیک سمیت دیگر پیپلز پارٹی کے رہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کے وکیل امجد قریشی کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری عدالت کے حکم پر پیش ہوئے۔ ان پر کوئی فرد جرم عائد نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی دوبارہ پیشی کیلئے کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا۔ فرد جرم عائد کئے جانے کے حوالے سے آئندہ سماعت میں بحث ہو گئی۔ دوسری جانب فاروق ایچ نائیک نے پولو گرائونڈ ریفرنس کیس میں درخواست دائر کر دی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولو گرائونڈ ریفرنس کیس کے تمام ملزم بری ہو چکے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی۔ سابق صدر کیخلاف کیس ختم کیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری پر پولو گرائونڈ ریفرنس کیس میں آج فرد جرم عائد نہیں ہو سکی ہے۔ آصف علی زرداری پر 5 نیب ریفرنسز کیسز کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر کو شدید سیکورٹی خدشات ہیں۔

تبصرے بند ہیں.