زلزلے سے تباہی، آزاد کشمیر میں جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چار سو انسٹھ زخمی، چار سو پچاس گھروں کو نقصان، جاتلاں سب سے زیادہ متاثر، میرپور اور بھمبر میں بھی درجنوں عمارتیں زمین بوس، بجلی اور مواصلات کا نظام برباد ہو گیا۔ضلعی حکومت کی جانب سے جاری تازہ ترین صورتحال سے متعلق اعدادوشمار جاری کر دیئے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ میرپور آزاد کشمیر میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہو گئی ہے۔آزاد کشمیر میں تباہ کن زلزلے میں ساڑھے چار سو گھروں کو نقصان پہنچا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے سے جاتلاں کی 14 کلومیٹر کی سڑک بری طرح متاثر ہوئی جس کی بحالی کا کام جاری ہے۔خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں گزشتہ روز آئے زلزلے نے قیامت ڈھا دی ہے۔ میرپور اور جاتلاں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ 450 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا۔ زخمیوں کی بڑی تعداد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہے جس میں بچے بھی شامل ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے 459 زخمیوں کی تصدیق کی۔ میڈیا سے گفتگو میں لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ زلزلے سے جاتلاں کی 14 کلومیٹر سڑک بری طرح متاثر ہوئی جس کی بحالی کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سفیروں نے بھی امداد کیلئے رابطہ کیا لیکن فی الحال بیرونی امداد کی ضرورت نہیں ہے۔اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ متاترہ علاقوں میں نقصانات پر رپورٹ مرتب کر رہے ہیں۔ زلزلے میں جاں بحق ہونیوالوں کو معاوضہ دیا جائے گا۔ حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔اس سے پہلے معاون خصوصی نے میرپور آمد پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی۔صبح کے وقت میرپور اور قریبی علاقوں میں زلزلے کے آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے۔ مظفر آباد، وادی نیلم، جہلم، باغ میں پھر زلزلے کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔گزشتہ روز آنیوالے زلزلے سے میرپور اور جاتلاں میں کئی عمارتیں اور مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ سڑکوں میں پھٹنے سے درجنوں گاڑیاں ان میں دھنس گئیں اور کئی گہری کھائیوں میں جا گریں۔ بڑے پیمانے پر جانی نقصان بھی ہوا۔نہر اپر جہلم میں شگاف سے جاتلاں اور میرپور کے درمیان سڑک کا دو کلومیٹر حصہ بہہ گیا جبکہ تین پل ٹوٹ گئے۔ زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک فوج کے جوان بھی پیش پیش ہیں۔متاثرین کو ضروریات زندگی کی اشیا فراہم کی جا رہی ہیں۔ آج میرپور میں اور بھمبر میں عام تعطیل ہے۔ تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند ہیں۔

تبصرے بند ہیں.