لاہور( مانیٹر نگ ڈیسک )صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال سے پارلیمانی سیکرٹری زراعت لالہ طاہر رندھاوا نے تین کلب روڈ جی او آر ون میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر زراعت کی ترقی کیلئے جاری مختلف منصوبوں،کپاس سمیت دیگر اجناس کی پیداوار میں اضافے ،جعلی بیج اور زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے سب کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار اداکرنا ہوگا۔وزیراعلی سردار عثمان بزدار کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہر موقع پر ہماری رہنمائی کی او ر زراعت اور کسانوں سے متعلقہ مسائل کو بغیر کسی تاخیر کے حل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد کسانوں کو بڑی خوشخبریاں دیں گے جس کے لیے بہت سے بڑے منصوبے پائپ لائن میں ہیں ۔انہوںنے کہاکہ صوبے کی زراعت کی ترقی کے لئے چین سمیت دیگر کامیاب ممالک کو سٹڈی کیا جارہا ہے اور ان کے تجربات سے بھی استفادہ کر رہے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری طاہر رندھاوانے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال کی زراعت کی ترقی کیلئے کاوشوںکو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر کے کسان حکومتی پالیسیوں کے معترف ہیں۔انہوںنے کہا کہ بارانی علاقوں میں کپاس کی کاشت بڑی خوشخبری ہے ۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن کی کارکردگی بھی مثالی ہے جو کسانوں کو سستا اور معیاری بیج فراہم کرنے والا واحد ذریعہ ہے۔
تبصرے بند ہیں.