رینجرز اور پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن، مبینہ دہشتگردوں سمیت 120 سے زائد ملزمان گرفتار

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں مین ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم جماعت کے 2 مبینہ دہشت گردوں سمیت 120 سے زائد ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ہےا۔ 2 روز قبل منگھوپیر میں غازی گوٹھ کے نزدیک بارودی مواد منتقل کرنے کے دوران دھماکے میں ہلاک ہونے والے 3 مبینہ دہشت گردوں کے ساتھیوں کی تلاش میں رینجرز نے آج علیٰ الصبح غازی گوٹھ کا محاصرہ کرکے علاقے کے داخلی و خارجی راستے سیل کردیئے۔ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی اور کالعدم جماعت سے تعلق رکھنے والے 2 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک دہشت گردوں سے رابطوں کے الزام میں گرفتار کرلیا۔رینجرز نے شہر بھر میں غیرقانونی اسلحہ جمع کرانے کی مہم کے اختتام پر منگھو پیر سے ہی 14 افراد کو بھی حراست میں لے لیا جن کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحہ میں 3 کلاشنکوف، 4 شاٹ گن، 21 پسٹل اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔ حراست میں لئے جانے والے افراد میں ایک بھتہ خور اور مختلف جرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزمان بھی شامل تھے۔ دوسری جانب ویسٹ زون پولیس نے کارروائیوں کے دوران 13 مفرور سمیت 61 ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 5 ٹی ٹی پستول،ایک مسروقہ موٹر سائیکل اور منشیات برآمد کرلی، ساؤتھ زون پولیس نے 7 مفرور سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایسٹ زون پولیس نے 46 ملزمان اور 16 پستول، 3 ریپیٹر، ایک شارٹ گن ،ایک دستی بم، موبائل فون اور چار مسروقہ موٹرسائیکلوں کی برآمدگی ظاہر کی ہے۔

تبصرے بند ہیں.