ریلوے انجنوں کی خریداری اور مرمت کیلیے 11 ارب جاری، نجی ٹرینوں کے معاہدے منسوخ کرنے کا فیصلہ

وفاقی وزارت خزانہ نے انجنوں اور دیگر اخراجات کیلیے پاکستان ریلوے کو11ارب 12 کروڑ روپے جاری کردیے، جس میں 50 ڈیزل انجنوں کی خریداری کے لیے 2 ارب 84کروڑ روپے، بجلی سے چلنے والے 27 اجنوں کی مرمت کیلیے ڈیڑھ ارب روپے جبکہ ریسکیو ٹرین کی خریداری کیلیے ایک ارب 86 کروڑ روپے استعمال ہونگے ۔ دریں اثناپاکستان ریلوے نے ناقص کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی پرائیویٹائز کردہ ریلوے ٹرینوں کے معاہدے منسوخ اور مستقبل میں مزید کسی ٹرین کو پرائیویٹائز نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پرائیویٹائز کردہ ٹرینوں کی کارکردگی کو مانیٹرکرنے کیلیے خصوصی ٹیمیں اورسیل تشکیل دیدیا ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے کویکم جولائی تا 8نومبر تک کے عرصے کے لیے مجموعی طور پر 11 ارب 12کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کر دی گئی ہے۔ پاکستان ریلوے نے نئے انجنوں کی خریداری و دیگر اخراجات کیلیے تقریباً15ارب روپے کا مطالبہ کیا تھا۔علاوہ ازیں وزارت خزانہ نے لودھراں سے خانیوال تک سگنل کی بہتری کیلیے 40 کروڑ روپے بھی جاری کیے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.