کیف:روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا، دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اس حملے سے عالمی مارکیٹ میںتیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف کے علاوہ ساحلی شہروں اوڈیسا اور کراماتورسک پر بھی فضائی حملے کیے گئے ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ روسی فوج نے یوکرین کے میزائل اڈوں پر بھی حملہ کیا ہے۔ اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین کے خلاف خصوصی آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے عالمی طاقتوں کو خبردار کیا تھا کہ روس یوکرین آپریشن میں غیر ملکی مداخلت کا جواب دے گا۔اقوام متحدہ میں روس کے سفیر نے سلامتی کونسل کو مشرقی یوکرین پر حملے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس کی کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت جائز ہے۔دوسری جانب یوکرین کے وزیر خارجہ نے روسی حملے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ روس نے یوکرین پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا، یوکرین اپنا دفاع کرے گا، فتح ہماری ہوگی۔ یوکرین کی وزارت داخلہ نے کہا کہ روس نے دارالحکومت کیف، ماریوپول، اوڈیسا اور دیگر شہروں پر بیلسٹک اور کروز میزائل داغے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.