وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے تیل کی فراہمی تسلسل کے ساتھ شروع ہو جائے گی تو قیمتوں میں فرق آئے گا۔نجی ٹی وی کی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ضرورت کا ایک تہائی خام تیل روس سے لینا شروع ہو جائیں گے تو قیمتوں میں بڑا فرق آئے گا اور اس کا اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ ایک تہائی خام تیل رعایتی قیمت پر روس سے آئے، جب ہم اپنا ہدف حاصل کر لیں گے تو تیل رعایتی قیمت پر ہوگا، اصل قیمت اس وقت نہیں بتا سکتا، تاہم اس کا بہت بڑا فرق آئے گا اور اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا۔وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ابھی پہلا جہاز آیا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ ایک ڈیڑھ مہینے میں تسلسل سے روسی تیل آنا شروع ہو جائے۔روسی تیل کی خریداری کے حوالے سے مصدق ملک نے کہا کہ اگر آپ معاہدوں کی پاسداری کریں اور شفافیت رکھیں تو عالمی سطح پر کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، ہم نے کوشش کی ہے کہ عوام کیلئے سستا تیل لے کر آئیں۔وزیر مملکت برائے پٹرولیم کا کہنا تھا کہ ہمارا روس کے ساتھ ابھی ایک لاکھ ٹن تیل کی خریداری کا معاہدہ ہوا ہے جو کہ دو جہازوں میں آنا تھا، ایک جہاز آچکا ہے جس کی ترسیل آج شروع ہو جائے گی، دوسرا جہاز بھی ایک ہفتے میں پہنچ جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.