رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ، پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا
کراچی: ملک بھر میں کہیں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا اس لئے پہلا روزہ بروز جمعرات 11 جولائی کو ہوگا تاہم اس بات کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیرمین مفتی منیب الرحمان کریں گے۔ چیرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا جس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے شرکت کی، رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کو پاک بحریہ اور ماہرین موسمیات کی معاونت بھی حاصل تھی، اس کے علاوہ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے جہاں سے مرکزی کمیٹی کو رویت ہلال کے سلسلے میں معاونت فراہم کی گئی۔ لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ کی زونل کمیٹیوں کو رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے سلسلے میں شہادتیں موصول نہیں ہوئیں جس کی اطلاع مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو کردی گئی ہے تاہم مرکزی ہلال کمیٹی کے ارکان میں مشاورت جاری ہے جس کے بعد رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اور مشرق بعید میں بھی گزشتہ روز رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا تھا جس کے باعث ان ممالک میں کل بروز بدھ یکم رمضان المبارک ہے۔
تبصرے بند ہیں.