رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہورہا ہے
کراچی: رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہورہا ہے تاہم حسب روایت اس مرتبہ بھی ملک میں دو چاند ہونے کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بعد نماز عصر کراچی میں ہوگا جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کئے جائیں گے جو چاند کے سلسلے میں موصول ہونے والی شہادتوں اور ان کی تصدیق کے سلسلے میں مرکزی کمیٹی کی معاونت کریں گے، مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کے علاوہ گزشتہ کئی برسوں کی طرح پشاور کی مشہور مسجد قاسم علی میں بھی مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی سربراہی میں بھی رمضان کے چاند کی رویت کے حوالے سے خود ساختہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی عمر کے کم ہونے کے باعث آج ملک کے کسی بھی حصے میں چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اور مشرق بعید میں بھی گزشتہ روز رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا تھا جس کے باعث ان ممالک میں کل بروز بدھ یکم رمضان المبارک ہے۔
تبصرے بند ہیں.