راولپنڈی، ملتان اورفیصل آباد میں میٹروبس سروس کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، شہبازشریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے نئے مالی سال کے لئے انقلابی بجٹ پیش کیا، ترقیاتی وژن کا شاہکار بجٹ پنجاب کے عوام کے لئے ترقی اور خوشحالی کا نیا دور لے کر آئے گا جب کہ راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں جدید میٹرو بس سروس کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ خان، وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، مشیر عزم الحق، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر خزانہ، سیکریٹری خزانہ اور ان کی پوری ٹیم کو عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ سماجی شعبوں کی مربوط ترقی کا روڈ میپ ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں جدید میٹرو بس سروس کے منصوبے شروع کرے گی، جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے 93 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ امراء سے حاصل ہونے والے وسائل کم وسیلہ طبقات کی فلاح و بہبود پر صرف کئے جائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ 290 ارب روپے کا ریکارڈ ترقیاتی بجٹ صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں نمایاں کردار ادا کرے گا، مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 9 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردی گئی ہے، ہم نے غریب اور کم وسیلہ طبقات پر ایک پائی کا بھی بوجھ نہیں ڈالا بلکہ اشرافیہ پر ٹیکس لگایا ہے، ان کاکہنا تھا کہ نئے مالی سال کا بجٹ صوبے کے عوام کے لئے بہتری، خوشحالی، ترقی اور خیر و برکت کا نیا پیغام لے کر آئے گا۔

تبصرے بند ہیں.